پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے شہر کراچی کے بارے میں جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سے بے پناہ محبت رکھتی ہیں مگر اس کی بگڑتی ہوئی حالت پر افسوس بھی ہوتا ہے۔
ماہرہ خان نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصاویر میں برنس روڈ اور دیگر علاقوں کی جھلکیاں دکھائیں جہاں تنگ گلیوں اور محلوں میں زندگی کے رنگ نمایاں ہیں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ بعض اوقات وہ کراچی کو دیکھ کر حیران رہ جاتی ہیں۔ اپنے کام کی وجہ سے انہیں شہر کے ان حصوں تک جانے کا موقع ملا جنہیں انہوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں ایسے علاقے بھی ہیں جہاں لوگ بجلی کی طویل بندش اور کھانے پینے کی کمی جیسی مشکلات کا سامنا کرتے ہیں جبکہ گندگی ہفتوں تک پڑی رہتی ہے، اس شہر میں امیر اور غریب کے درمیان بڑا فرق ہے۔
ماہرہ خان نے کہا کہ مشکلات کے باوجود انہوں نے مسکراتے اور کھیلتے ہوئے بچوں کو بھی دیکھا، اسکول سے لوٹتے طلبہ اور ایک ماں کو پراٹھے بناتے بھی دیکھا جس کا بیٹا روزی کمانے کے لیے جا رہا تھا۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے ایک ایسی گلی بھی دیکھی جہاں مسجد، چرچ اور مندر ایک ساتھ موجود ہیں۔ یہ سب دیکھ کر انہیں احساس ہوا کہ اداسی اور تنگ دستی کے باوجود اس شہر میں امید اور جدوجہد کی ایک جھلک باقی ہے۔
آخر میں ماہرہ خان نے کراچی سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی، میں تم سے پیار کرتی ہوں، لیکن افسوس ہے کہ ہم اس شہر کی دیکھ بھال ویسے نہیں کر سکے جیسا ہمیں کرنا چاہیے تھا۔
