آئی ایم ایف نے پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ ختم کرنے کے لیے 2031 کی ڈیڈ لائن طے کر دی۔
ذرائع کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے سالانہ بنیادوں پر پاور سیکٹر کے گردشی قرضہ کا بہاؤ زیرو رکھنے کی شرط رکھ دی اور گردشی قرضے کا اسٹاک ختم کرنے کے لیے نظر ثانی شدہ سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ پلان طلب کرلیا۔
ذرائع نے بتایا کہ آف گرڈ کیپٹو پاور پلانٹس پر گرڈ ٹرانزیشن لیوی 10 فیصد مقرر کی گئی ہے، جنوری 2026 سے 15 فیصد اور اگست سے گرڈ ٹرانزیشن لیوی 20 فیصد عائد ہو گی، رواں مالی سال کیپٹو پاور پلانٹس سے 105 ارب روپے وصول کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: جائزہ مذاکرات ؛ وزیراعظم نے آئی ایم ایف سے زیادہ سے زیادہ ریلیف لینے کی ہدایت کردی
ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ سیلاب سے 370 ارب روپے کا معاشی نقصان کا ابتدائی تخمینہ لگایا گیا ہے، سیلابی نقصانات سے انفراسٹرکچر اور زرعی شعبہ شدید متاثر ہوا ہے، یہی وجہ ہے کہ مالی سال 2025-26 کے لیے شرح نمو کا ہدف 4.2 فیصد سے کم کر کے 3.9 فیصد کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کو رواں مالی سال 26 ارب ڈالر کی بیرونی مالیاتی ضرورت ہوگی، جبکہ 26 ارب ڈالر میں سے 12 ارب ڈالر کی رقم رول اوور کی جائے گی۔
