پاکستان کا فتح 4 کروز میزائل کا کامیاب تجربہ

راولپنڈی: پاکستان نے فتح 4  کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کی جانب سے پاکستان میں تیار کردہ فتح 4 کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ فتح 4 کروز میزائل حال ہی میں پاک فوج میں شامل کیا گیا ہے، فتح 4 کروز میزائل کی رینج 750 کلومیٹر ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جدید ترین ایویانکس اور نیویگیشن سسٹم کے ساتھ فتح 4 کروز میزائل دشمن کے میزائل ڈیفنس سسٹم کو چکمہ دینے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے مزید بتایا کہ ٹیرین ہگنگ صلاحیت کے ساتھ فتح 4 انتہائی درستگی کے ساتھ ہدف کو نشانہ بناسکتا ہے جب کہ فتح 4 کروز میزائل آرمی راکٹ فورس کمانڈ کا حصہ ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ فتح 4 کی بدولت پاک فوج کے روایتی میزائل سسٹمز کی ہلاکت خیزی میں اضافہ ہوا ہے جب کہ یہ میزائل پاکستان کا اپنا تیار کردہ ہے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ چیف آف جنرل اسٹاف، مسلح افواج کے سینئر افسروں اور متعلقہ سائنسدانوں اور انجنئیرز نے بھی تجربہ دیکھا۔ صدر، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے کامیاب تجربے پر مبارکباد پیش کی۔

Related posts

بحرِ عرب میں خطرے کی گھنٹیاں، امریکی جنگی طیارے نے ایرانی ڈرون مار گرایا

کیا بھارت کے خلاف بائیکاٹ سے پاکستان کو آئی سی سی کی پابندیوں کا سامنا ہوسکتا ہے؟

بسنت کے موقع پر لاہوریوں کے لیے بلال سعید کا خصوصی گانا ریلیز