واشنگٹن: امریکا نے برطانیہ، آسٹریلیا اور کینیڈا سمیت کئی مغربی ممالک کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کو ’’نمائشی اقدام‘‘ قرار دیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق واشنگٹن کی ترجیح نمائشی اعلانات نہیں بلکہ سنجیدہ سفارت کاری ہے۔
مزید پڑھیں: امریکا تجارتی مذاکرات کے نتائج پر اثر انداز نہ ہو ،چینی صدر کی ٹرمپ سے فون پر گفتگو
ترجمان نے کہا کہ امریکا کے نزدیک امن، اسرائیل کی سلامتی اور یرغمالیوں کی رہائی اولین ترجیح ہیں۔ ان کے بقول خطے میں دیرپا امن اور خوشحالی صرف اس وقت ممکن ہے جب حماس کو عمل دخل حاصل نہ ہو۔
امریکی مؤقف ایسے وقت سامنے آیا ہے جب برطانیہ، آسٹریلیا اور کینیڈا کے بعد پرتگال نے بھی فلسطین کو باضابطہ طور پر خود مختار ریاست تسلیم کر لیا ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں مزید ممالک کی جانب سے بھی اسی نوعیت کے اعلانات متوقع ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی وزارتِ خارجہ نے ان فیصلوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے بھی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی فلسطینی ریاست قائم نہیں ہوگی اور مغربی کنارے میں یہودی آبادکاری کے اقدامات بدستور جاری رہیں گے۔
