معروف امریکی ماڈل بیلا حدید نے انسٹاگرام پر اپنی اسپتال میں موجودگی کی تصاویر شیئر کیں جس کے بعد مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بیلا حدید طویل عرصے سے لائم بیماری (Lyme Disease) میں مبتلا ہیں اور اس کے علاج کے سلسلے میں کئی بار اسپتال میں داخل ہو چکی ہیں۔
حالیہ دنوں میں شیئر کی گئی تصاویر میں وہ کبھی سر پر پٹی، ہاتھ میں آئی وی ڈرپ اور کبھی برف کا پیک ماتھے پر رکھے دکھائی دیں۔
دیگر مناظر میں بیلا کو اسپتال کے کمرے میں اہلِ خانہ کے ساتھ تاش کھیلتے اور پیزا کھاتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ ایک تصویر میں وہ کافی کا کپ ہاتھ میں لیے لفٹ میں بیٹھی نظر آئیں۔
کیپشن میں بیلا حدید نے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ سوری، میں اکثر غائب ہو جاتی ہوں، میں آپ سب سے محبت کرتی ہوں۔
مداحوں کی جانب سے ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا گیا۔ بیلا کی بہن جی جی حدید نے بھی کمنٹ میں لکھا کہ آئی لو یو! تم جلد بہتر ہو جاؤ، جیسا کہ تمہارا حق ہے۔
