وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ملک کے پہلے خودکار ڈیجیٹل مالیاتی ای۔فائلنگ سسٹم کا افتتاح کر دیا۔
اس جدید نظام کو شفافیت، بروقت فیصلے اور پبلک سیکٹر میں کرپشن کے خاتمے کے لیے سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہ نظام بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی مالی و فزیکل پیش رفت کو ڈیجیٹل طور پر ٹریک کرنے کی سہولت فراہم کرے گا، جس سے افسران کو درست اور بروقت فیصلے کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ای۔فائلنگ سسٹم کے نفاذ سے “انڈر ٹیبل” طریقہ کار کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے گا، جو کہ دہائیوں سے عوامی وسائل کے ضیاع اور بداعتمادی کا سبب رہا ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہ اقدام شفاف حکمرانی اور وسائل کے مؤثر استعمال کی جانب ایک بڑی پیش رفت ہے۔
وزیر اعلیٰ نے تمام محکموں کے سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے دفاتر میں جلد از جلد ای۔فائلنگ سسٹم نافذ کریں تاکہ سرکاری امور میں جدید ٹیکنالوجی کے ثمرات جلد نظر آئیں۔
انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ آئندہ سے کابینہ اجلاس بھی ڈیجیٹل ٹیبلیٹس پر منعقد ہوں گے، جس سے فیصلوں میں تاخیر کا خاتمہ ہوگا اور ورک فلو میں بہتری آئے گی۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان حکومت کا یہ اقدام نہ صرف ڈیجیٹل گورننس کی طرف پیش قدمی ہے بلکہ پاکستان بھر کے لیے ایک ماڈل بھی بن سکتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس سسٹم کے ذریعے عوامی اعتماد بحال ہوگا اور ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی ممکن ہو گی۔