کراچی کے مختلف علاقوں آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، گارڈن اور شاہ فیصل کالونی کے مختلف مقامات میں صبح سویرے ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں تک شہر کا موسم جزوی ابر آلود اور مرطوب رہے گا، درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ گزشتہ روز کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ادھر محکمہ موسمیات نے آج سے 19 ستمبر تک ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، تاہم اس دوران خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد اور پنجاب کے کچھ حصوں میں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔
سندھ کے زیادہ تر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے البتہ ساحلی علاقے جزوی طور پر ابر آلود رہیں گے جبکہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کے خدشے کے پیشِ نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔