واشنگٹن: ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سی ای او ایلون مسک کی کمپنی اسٹار لنک کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس ایک بار پھر تعطل کا شکار ہوگئی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق پیر کے روز اسٹار لنک نے اپنی ویب سائٹ پر صارفین کو آگاہ کیا کہ سروس میں تکنیکی خرابی کے باعث انٹرنیٹ استعمال متاثر ہے، تاہم کمپنی نے خرابی کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
آن لائن ٹریکنگ پلیٹ فارم ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق صرف امریکا میں اسٹار لنک کے 43 ہزار سے زائد صارفین انٹرنیٹ مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جولائی میں بھی اسٹار لنک کو بڑی سروس بندش کا سامنا ہوا تھا جس کے باعث ہزاروں صارفین متاثر ہوئے تھے، تاہم اس وقت ایلون مسک اور کمپنی کے سینئر حکام نے صارفین سے معذرت بھی کی تھی۔