ٹرمپ ناخوش، مگر اسرائیل سے تعلقات مضبوط رہیں گے، امریکی وزیر خارجہ

واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ قطر پر اسرائیلی حملے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ ناخوش ہیں، لیکن اس کے باوجود امریکہ اور اسرائیل کے تعلقات بہت مضبوط ہیں اور ان میں کوئی کمزوری نہیں آئے گی۔

امریکی میڈیا کے مطابق روبیو نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ چاہتے ہیں کہ حماس کا خطرہ ختم ہو اور خطہ اگلے مرحلے کی طرف بڑھے۔ ان کے مطابق اگلا مرحلہ غزہ کی تعمیر نو اور وہاں کے عوام کو سکیورٹی فراہم کرنا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی حملے کے بعد قطر نے سخت ردعمل دیا ہے، کیونکہ وہ حماس کے ساتھ یرغمالیوں کی رہائی کیلئے ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔ امریکی انتظامیہ کو خدشہ ہے کہ اس کارروائی سے مذاکرات متاثر ہو سکتے ہیں۔

روبیو نے اعتراف کیا کہ یہ پیش رفت پیچیدگی پیدا کر رہی ہے، تاہم زور دیا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات بدستور امریکہ کی خارجہ پالیسی کی بنیاد رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ واشنگٹن خطے میں توازن قائم رکھنے اور سیاسی عمل کو آگے بڑھانے کا حامی ہے تاکہ جنگ کے بعد کے حالات کو سنبھالا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقصد صرف تعلقات بچانا نہیں بلکہ ایسا فریم ورک تشکیل دینا ہے جو غزہ کو پائیدار امن اور استحکام فراہم کرے۔

روبیو کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں فلسطینی ریاست کے مطالبے اور اسرائیلی پالیسیوں پر عالمی بحث متوقع ہے۔

Related posts

فواد خان کی فلم ’ابیر گلال‘ بالآخر سینما گھروں کی زینت بن گئی

سکھر میں ہندو برادری کی جانب سے پاکستان کی جیت کے لیے خصوصی پوجا

حب کینال کا مرمتی کام مکمل، پانی کی فراہمی تاحال معطل