چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے قصور سیکٹر اور جلالپور پیروالا، ملتان کے فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا اور سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر جاری اقدامات کا جائزہ لیا، اس موقع پر انہوں نے متاثرین کو ہر ممکن تعاون اور بحالی میں مدد کی یقین دہانی کرائی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورے کا مقصد سول انتظامیہ اور فوج کے درمیان ہم آہنگی کو مزید بہتر بنانا، اور متاثرہ آبادی اور انتظامیہ کو فوج کی جانب سے مؤثر معاونت فراہمی کو مربوط بنانا تھا، اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
آرمی چیف کو متاثرہ علاقوں کی زمینی صورتحال اور جاری ریسکیو و ریلیف آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، آرمی چیف نے سول انتظامیہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ ریاست ہر سال قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان کی متحمل نہیں ہو سکتی، سیلابی صورتحال میں عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات تیز رفتار سے مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بہتر حکمرانی اور عوامی فلاحی ترقی کے لیے مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے تاکہ ہر سال جان و مال کے نقصان کو روکا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر کا سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ؛ مذہبی مقامات کی بحالی کا عزم
دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی جنہیں بروقت پاک فوج اور سول انتظامیہ نے محفوظ مقامات پر منتقل کیا تھا، متاثرین نے بروقت امداد اور محفوظ انخلا پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔
آرمی چیف نے متاثرین کو مکمل بحالی اور آبادکاری میں تعاون کی یقین دہانی کرائی، آرمی چیف نے ریلیف آپریشن میں مصروف جوانوں، ریسکیو 1122 اور پولیس اہلکاروں سے بھی ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور جذبے کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ فوج سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر چوبیس گھنٹے ریلیف آپریشن میں مصروف ہے تاکہ متاثرہ آبادی کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔
آرمی چیف نے لاہور قصور اور ملتان جلالپور پیروالا کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا تاکہ نقصان کے تخمینے اور جاری اقدامات کا خود معائنہ کر سکیں۔