انگلینڈ کے بلے باز فل سالٹ نے صرف 39 گیندوں پر سنچری اسکور کر کے ٹی 20 کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں انگلینڈ نے جنوبی افریقا کو 146 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ میزبان ٹیم نے بلے بازی میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔
فل سالٹ انگلینڈ کی کامیابی کے مرکزی کردار ثابت ہوئے۔ انہوں نے صرف 39 گیندوں پر سنچری اسکور کر کے لیام لیونگسٹون کا 2021 میں بنایا گیا 42 گیندوں پر سنچری کا ریکارڈ توڑ ڈالا۔ سالٹ 60 گیندوں پر 141 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
اننگز کے دوران کپتان جوس بٹلر بھی عروج پر دکھائی دیے، انہوں نے 30 گیندوں پر 83 رنز کی دھواں دھار باری کھیلی۔ دونوں بلے بازوں نے 126 رنز کی شراکت قائم کی۔ جیکب بیتھیل نے 24 اور ہیری بروک نے 21 گیندوں پر ناقابلِ شکست 41 رنز جوڑے۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کے اوپنرز ایڈن مرکرم اور رائن رکلٹن نے جارحانہ آغاز ضرور کیا اور 22 گیندوں پر 50 رنز بنائے، لیکن انگلش بولرز نے فوری طور پر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ جوفرا آرچر نے 25 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سیم کرن نے محض 11 رنز کے بدلے 2 شکار کیے۔
پوری جنوبی افریقی ٹیم 158 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور انگلینڈ نے یہ میچ 146 رنز کے بڑے مارجن سے اپنے نام کیا۔ اب سیریز کا فیصلہ کن معرکہ اتوار کو ٹرینٹ برج میں ہوگا۔