شہر قائد میں بڑھتے ہوئے ٹریفک کے سنگین مسائل نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی بالآخر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی و شہری انتظامیہ کو فوری حرکت میں آنے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے قیوم آباد، کورنگی، جام صادق پل اور اطراف کے علاقوں میں بدترین ٹریفک جام پر برہمی کا اظہار کیا اور واضح الفاظ میں کہا کہ شہریوں کو گھنٹوں سڑکوں پر خوار ہونے سے بچایا جائے اور مسائل کا فوری حل نکالا جائے۔
کورنگی کراسنگ اور کازوے کی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے متعلقہ اداروں سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک نظام کی خرابی صرف ایک ٹریفک مسئلہ نہیں یہ شہری زندگی کی روانی پر حملہ ہے۔
وزیراعلیٰ نے کمشنر کراچی اور ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی کو سختی سے ہدایت دی کہ وہ ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل کوآرڈینیشن میں کام کریں تاکہ رکاوٹیں دور ہوں اور ٹریفک کی روانی بحال کی جا سکے۔
وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے یہاں اگر ٹریفک رکتا ہے تو دراصل پوری معیشت کی سانسیں رکتی ہیں۔