اسلام آباد: ملک کے مختلف ڈیمز میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں تربیلا ڈیم اور راول ڈیم ایک بار پھر مکمل بھر گئے۔
ترجمان واپڈا کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1550 فٹ تک پہنچ گئی ہے جبکہ اس میں زیادہ سے زیادہ ذخیرہ کرنے کی گنجائش بھی 1550 فٹ ہے۔ اسی طرح راول ڈیم میں پانی کی سطح 1751.80 فٹ ریکارڈ کی گئی جو اس کی زیادہ سے زیادہ گنجائش 1752 فٹ کے برابر ہے۔
منگلا ڈیم بھی 92 فیصد بھر چکا ہے۔ ڈیم میں پانی کی سطح 1234.60 فٹ تک پہنچ گئی ہے جبکہ اس کی گنجائش 1242 فٹ ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران منگلا اور تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
خانپور ڈیم میں پانی 1981.45 فٹ تک پہنچ گیا ہے جبکہ اس کی گنجائش 1982 فٹ ہے۔ سملی ڈیم میں پانی کی سطح 2315.25 فٹ ریکارڈ کی گئی، جو اس کی زیادہ سے زیادہ گنجائش 2315 فٹ ہے۔
ترجمان کے مطابق ڈیمز میں پانی کی سطح بڑھنے کے ساتھ اسپل ویز مرحلہ وار کھولے جا رہے ہیں تاکہ پانی کا بہاؤ متوازن رکھا جا سکے۔