بہادر سپوت میجر عدنان اسلم شہید کی نماز جنازہ ادا؛ وزیر اعظم و فیلڈ مارشل کی شرکت

راولپنڈی: بہادر سپوت میجر عدنان اسلم شہید کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے جس میں وزیر اعظم شہباز شریف سمیت فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے بہادر افسر میجر عدنان اسلم شہید کی نمازِ جنازہ چکلالہ، راولپنڈی میں ادا کی گئی۔ شہید افسر کی عمر 31 برس تھی اور وہ دورانِ علاج کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) میں شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے۔

بھارتی پراکسیز کے حملے میں جامِ شہادت

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ میجر عدنان اسلم 2 ستمبر 2025 کو بنوں میں بھارتی پراکسی فتنہ ’’الخوارج‘‘ کے بزدلانہ حملے کے دوران جواں مردی سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔ انہوں نے بے مثال جرات اور استقامت کے ساتھ اپنے جوانوں کو فرنٹ سے لیڈ کیا۔

اعلیٰ قیادت کی نمازِ جنازہ میں شرکت

نمازِ جنازہ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، وزیرِ دفاع، وزیرِ اطلاعات اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت اعلیٰ عسکری و سول افسران نے شرکت کی۔ شہید کے اہلِ خانہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعظم کا خراجِ تحسین

وزیراعظم شہباز شریف نے میجر عدنان اسلم شہید کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ’’آج ہم نے اس دھرتی کے نڈر سپوت کو کھودیا ہے‘‘۔

انہوں نے کہا کہ شہید کا حوصلہ اور قربانی ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ وہ غیر متزلزل عزم، وطن سے محبت اور قربانی کی لازوال روح کے ساتھ پاکستان کی بہترین شناخت ہیں۔

سپردِ خاک

میجر عدنان اسلم شہید کو ان کے آبائی علاقے میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔

Related posts

برساتی پانی کھڑا ہونے سے مختلف شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام، شہریوں کو شدید مشکلات

لیاقت پور میں کشتی حادثہ، نو افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے، چھ لاشیں برآمد

کے ایچ ڈی اے نے دبئی – متحدہ عرب امارات میں نجی تعلیم کے لئے نئی رہنما خطوط طے کیں