ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 922 تک پہنچ گئی، این ڈی ایم اے

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی تازہ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب کے باعث اموات کا سلسلہ جاری ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 12 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے، جس کے بعد 26 جون سے اب تک جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 922 جبکہ زخمیوں کی تعداد 1,047 ہو گئی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ روز جاں بحق ہونے والے 10 افراد کا تعلق پنجاب سے جبکہ 2 کا تعلق سندھ سے ہے۔ زخمی ہونے والے تمام افراد سندھ سے تعلق رکھتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مون سون کے دوران سب سے زیادہ ہلاکتیں خیبرپختونخوا میں ہوئیں جہاں 544 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

 اس کے بعد پنجاب میں 244، سندھ میں 60، بلوچستان میں 26، گلگت بلتستان میں 41، آزاد کشمیر میں 38 اور اسلام آباد میں 9 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

خیبرپختونخوا کا ضلع بونیر سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ رہا جہاں اب تک 256 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ پنجاب میں لاہور سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 38 اموات ہوئیں۔

زخمیوں کی تفصیل کے مطابق پنجاب میں 654، خیبرپختونخوا میں 218، سندھ میں 81، بلوچستان میں 5، گلگت بلتستان میں 52، آزاد کشمیر میں 34 اور اسلام آباد میں 3 افراد زخمی ہوئے۔

این ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ملک بھر میں 7,851 مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ ہلاک ہونے والے مویشیوں کی تعداد 6,184 ہے۔

ادارے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ضلعی انتظامیہ و متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ مزید جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

Related posts

کہاں کتنی بارش ہوئی ؟ محکمہ موسمیات نے اعداد و شمار جاری کردیے

کراچی کے تمام تعلیمی ادارے بند، اسکولزوینز مالکان کا بھی گاڑیاں نہ نکالنے کا اعلان

کچھ دیر کی بارش میں آدھا شہر ڈوب گیا ، سڑکیں تالاب بن گئیں ، ترجمان ایم کیوایم