بھارتی اشتعال انگیزیاں نظرانداز نہیں کرسکتے، دفاعی صلاحیتوں کووسعت دینا ہوگا ، شہبازشریف

بھارتی اشتعال انگیزیاں نظرانداز نہیں کرسکتے، دفاعی صلاحیتوں کووسعت دینا ہوگا ۔ شہبازشریف نے یوم دفاع پاکستان پر دنیا کو واضح اور دو ٹوک پیغام دے دیا۔

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے یومِ دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے ساتھ امن اور تعمیری روابط کا خواہاں ہے لیکن بھارت کی مسلسل اشتعال انگیزیوں اور بدلتے ہوئے علاقائی حالات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

وزیرِاعظم نے شہدا اور مسلح افواج کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر ہماری قومی یادداشت میں بہادری، اتحاد اور استقامت کی علامت کے طور پر ہمیشہ زندہ رہے گا۔ انہوں نے 1965 کی جنگ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کی مکمل حمایت سے افواجِ پاکستان نے دشمن کی جارحیت کو ناکام بنا کر ثابت کیا کہ قوم اپنی آزادی اور سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

انہوں نے حالیہ آپریشن بنیان مرصوص، معرکہ حق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی تزویراتی قیادت میں اپنی بے مثال پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور نئی تاریخ رقم کی۔

وزیرِاعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط اور جدید بنائے گا اور غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی اور پراکسی وار کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کرتا رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خاتمے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور یہ مشن مکمل ہونے تک پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔

وزیرِاعظم نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد کو طاقت کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ عام شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور انسانی امداد کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جائے۔

اپنے پیغام میں وزیرِاعظم نے کہا کہ معاشی استحکام مضبوط دفاع کے لیے ناگزیر ہے، اس لیے قوم کو ذاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر اجتماعی ترقی، خود انحصاری اور پائیدار خوشحالی کے لیے متحد ہونا ہوگا۔

Related posts

کہاں کتنی بارش ہوئی ؟ محکمہ موسمیات نے اعداد و شمار جاری کردیے

کراچی کے تمام تعلیمی ادارے بند، اسکولزوینز مالکان کا بھی گاڑیاں نہ نکالنے کا اعلان

کچھ دیر کی بارش میں آدھا شہر ڈوب گیا ، سڑکیں تالاب بن گئیں ، ترجمان ایم کیوایم