غزہ میں جہنم کا دروازہ کھولنے کی دھمکی، کثیر منزلہ عمارت تباہ کر دی گئی، ویڈیو دیکھیں

اسرائیل نے غزہ پر اپنی جارحانہ کارروائیوں میں خطرناک شدت لاتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ علاقے میں دوزخ کے دروازے کھول دیے گئے ہیں۔

اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن اُس وقت تک رکے گا نہیں جب تک حماس مکمل طور پر ہتھیار نہ ڈال دے اور تمام یرغمالیوں کو رہا نہ کر دے۔

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق، اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ کے وسطی علاقے میں ایک بلند و بالا رہائشی عمارت کو عسکری ہدف قرار دیتے ہوئے صرف چند منٹ کے نوٹس پر مکمل طور پر تباہ کر دیا اور تین تیز رفتار فضائی حملوں کے بعد عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی۔

مقامی عینی شاہدین نے بتایا کہ اس عمارت میں درجنوں خاندان مقیم تھے، جنہیں فوری طور پر نکلنے کی مہلت دی گئی۔ بیشتر شہری پہلے ہی عارضی پناہ گاہوں میں انتہائی نامساعد حالات کا سامنا کر رہے ہیں، جہاں نہ پانی، نہ بجلی، نہ خوراک دستیاب ہے۔

 

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ جس عمارت کو نشانہ بنایا گیا، اس کے زیر زمین خفیہ سرنگیں، کمانڈ مراکز اور اسلحے کے ذخائر موجود تھے، جنہیں حماس اپنے جنگی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی تھی۔ فوج کے مطابق، شمالی غزہ میں بھی متعدد مقامات پر فضائی حملے کیے گئے ہیں۔

اسرائیلی حکام کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران حماس کے کئی جنگجو مارے گئے ہیں، تاہم ان کی شناخت اور تعداد ظاہر نہیں کی گئی۔

اسرائیل نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ حماس کے ایک اہم مالیاتی کمانڈر نورالدین دباغش کو بھی ہدف بنا کر ہلاک کر دیا گیا ہے، جو تنظیم کو جنگی فنڈز فراہم کرتا تھا۔

دوسری طرف، خطے میں کشیدگی کے بڑھتے ہوئے خدشات پر مصر نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ مصری وزیر خارجہ بدر عبدالاطی نے اسرائیلی اقدامات کو نسل کشی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینیوں کی جبری بے دخلی نہ صرف انسانیت بلکہ بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

مصری وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ لاکھوں بے گناہ فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے زبردستی ہٹانے کی کوشش ایک ناقابل قبول اور خطرناک رجحان ہے۔

انہوں نے اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ وہ جان بوجھ کر فلسطینی عوام کو قحط، بیماری اور موت کے دہانے پر دھکیل رہا ہے۔

Related posts

محمد بن راشد نے عوامی خدمات میں اے آئی کو اپنانے کو تیز کرنے کے لیے ‘یو اے ای گورنمنٹ 4.0’ کا آغاز کیا

پی آئی اے سمیت دیگر نجی ایئر لائنز کے مالی نتائج کی تفصیلات سامنے آ گئیں

تدویر گروپ اور الخیل اسکوائر نے ویسٹ مینجمنٹ فریم ورک تیار کرنے کے لیے مفاہمت نامے پر دستخط کیے ہیں۔