سیلاب زدہ علاقوں میں سیاستدانوں کی ویڈیوز پر مومنہ اقبال کا طنزیہ وار

معروف اداکارہ مومنہ اقبال نے سیلاب زدہ علاقوں کے دوروں کے دوران سیاستدانوں کی بنائی گئی ویڈیوز پر طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب ٹک ٹاکرز، یوٹیوبرز اور اداکاروں کو سوشل میڈیا چھوڑ دینا چاہیے، کیونکہ سیاستدان ان سے بہتر کنٹینٹ بنا رہے ہیں۔

اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ میں تمام ٹک ٹاکرز، یوٹیوبرز اور اداکاروں سے گزارش کرتی ہوں کہ وہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز چھوڑ دیں، کیونکہ اب ہمارے سیاستدان خود آ گئے ہیں اور یہ سب ہم سے بہتر کر رہے ہیں  خاص طور پر ان کے کنٹینٹ کریئیٹرز اور کیمرہ مین۔

مومنہ اقبال نے مزید لکھا کہ عوام اب باشعور ہو چکی ہے اور جانتی ہے کہ یہ رہنما محض چند منٹوں کے لیے متاثرہ علاقوں میں دکھاوے کے لیے آتے ہیں اور پھر غائب ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو محلات میں رہتے ہیں، انہیں عام عوام کی تکلیف کا اندازہ نہیں جنہوں نے اپنی محنت سے چھتیں بنائیں، جو اب پانی میں بہہ چکی ہیں۔ کیا یہ سیاستدان واقعی ہماری حفاظت کریں گے؟

مومنہ اقبال کا بیان سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہے، جہاں کچھ صارفین نے ان کے مؤقف کی حمایت کی ہے جبکہ بعض نے اس تنقید کو غیر ضروری قرار دیا۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں متعدد سیاسی رہنما سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کر رہے ہیں، جن کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، ان ویڈیوز میں کیمرہ زاویے، ایڈیٹنگ اور پروڈکشن کے انداز کو دیکھ کر کئی صارفین نے ان دوروں کو “تشہیری مہم” قرار دیا ہے۔

Related posts

لیاقت پور میں کشتی حادثہ، نو افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے، چھ لاشیں برآمد

کے ایچ ڈی اے نے دبئی – متحدہ عرب امارات میں نجی تعلیم کے لئے نئی رہنما خطوط طے کیں

سیکیورٹی فورسز کی تین کارروائیوں میں 19 خارجی دہشت گرد ہلاک