پاک فوج کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، پانچ جوان شہید

گلگت: پاک فوج کا ایک ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر گلگت بلتستان کے ہڈور گاؤں کے قریب حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور پائلٹ سمیت عملے کے پانچوں جوان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر نے تھکداس کینٹ سے معمول کی تربیتی پرواز بھری تھی اور صبح تقریباً 10 بجے کے قریب ہڈور گاؤں کے نزدیک حادثے کا شکار ہوا۔ پرواز کے دوران اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہوئی جس کے باعث ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔

حادثے میں پائلٹ اِن کمانڈ میجر عاطف، معاون پائلٹ میجر فیصل، فلائٹ انجینئر نائیک سبحان مقبول، کریو چیف حوالدار جہانگیر اور نائیک عامر نے جامِ شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ تربیتی پروازیں آرمی ایوی ایشن کی معمول کی سرگرمیوں کا حصہ ہیں جن کا مقصد آپریشنل تیاری برقرار رکھنا ہے۔ یہ تیاری نہ صرف آپریشنل معاونت بلکہ انسانی ہمدردی اور قدرتی آفات میں امدادی سرگرمیوں کے لیے بھی ناگزیر ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ شہداء نے اپنے فرض کی ادائیگی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اور پاک فوج ہر شعبے میں مکمل تیاری یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

Related posts

پاکستان میں سیلاب سے نقصانات کا ذمے دار بھارت ہے، عاصم افتخار

میجرعزیز بھٹی کا 60 واں یوم شہادت آج، فیلڈ مارشل اورافواج پاکستان کاخراج عقیدت پیش

فلسطین ہمارا خطہ ہم ہی اسکے مالک ہیں، نیتن یاہو نے متنازع معاہدے پر دستخط کردیے