اسرائیل کی غزہ سٹی پر یلغار، 78 فلسطینی شہید، شہر ملبے کے ڈھیر میں تبدیل

غزہ: اسرائیلی فوج نے غزہ سٹی میں تباہ کن بمباری تیز کر دی ہے جس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اب تک کم از کم 78 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کے تازہ ترین حملوں میں 32 ایسے افراد بھی نشانہ بنے ہیں جو امدادی خوراک کی تلاش میں تھے۔ غزہ کی سب سے بڑی شہری آبادی کو نشانہ بناتے ہوئے اسرائیل کا مقصد ایک ملین فلسطینیوں کو جبری طور پر جنوبی علاقے میں منتقل کرنا بتایا جا رہا ہے۔

قطری خبر رساں ادارے نے فلسطینی سول ڈیفنس کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ القدس اسپتال کے قریب قائم خیمہ بستی میں گولہ باری سے آگ بھڑک اٹھی جبکہ ریمال محلے میں ایک رہائشی عمارت پر حملے میں پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔

غزہ کی گورنمنٹ میڈیا آفس کے سربراہ اسماعیل الثوابطہ نے الزام لگایا کہ اسرائیلی فوج شہری آبادیوں میں ’’بارودی روبوٹس‘‘ استعمال کر رہی ہے اور اب تک 80 سے زائد ڈیوائسز دھماکے سے اڑائی جاچکی ہیں۔

انہوں نے اسے ’’زمین جلا دینے کی پالیسی‘‘ قرار دیا۔

الجزیرہ کے مطابق صبرا اور زیتون کے علاقوں میں رہائشی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں، اور شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ کہیں بھی محفوظ نہیں اس لیے گھروں سے نکلنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ کئی متاثرین نے دوبارہ نقل مکانی سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ’’زندگی مشکل ہے، لیکن ہم اپنے گھروں میں ہی رہیں گے‘‘۔

غزہ سٹی میں صحافی اسلام عبد شہید ہو گئیں، جس کے بعد جنگ میں شہید صحافیوں کی تعداد 247 تک پہنچ گئی ہے۔ ادھر خان یونس کے ناصر اسپتال پر اسرائیلی حملے میں پانچ صحافیوں سمیت 21 افراد جاں بحق ہوگئے۔

فوجی ذرائع کے مطابق اسرائیل نے غزہ سٹی کو ’’کومبیٹ زون‘‘ قرار دے دیا ہے اور مزید ریزرو فوجیوں کو بلایا جا رہا ہے تاکہ کارروائی تیز کی جا سکے۔ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے زیتون کے علاقے میں ایک اسرائیلی ٹینک اور بلڈوزر کو نشانہ بنایا ہے۔

اب تک کی جنگ میں اسرائیل نے کم از کم 63 ہزار 459 فلسطینیوں کو شہید اور 1 لاکھ 60 ہزار سے زائد کو زخمی کیا ہے۔

عالمی برادری کی مذمت بڑھ رہی ہے، اور انہی حالات میں بارسلونا سے ’’گلوبل صمود فلوٹیلا‘‘ روانہ ہوا ہے جو وسط ستمبر تک غزہ پہنچنے کی کوشش کرے گا۔

اگرچہ ماضی کی طرح اسرائیل کے روکنے کا خدشہ موجود ہے، لیکن مبصرین اسے علامتی مزاحمت قرار دے رہے ہیں جو دنیا کی توجہ غزہ میں جاری نسل کشی اور قحط کی طرف مبذول کرا رہی ہے۔

Related posts

پاکستان آج عمان کے خلاف میدان میں اترے گا

میڈیا سیکٹر میں اماراتی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے دبئی میڈیا اور پی ڈبلیو سی پارٹنر۔ متحدہ عرب امارات

پاکستان میں سیلاب سے نقصانات کا ذمے دار بھارت ہے، عاصم افتخار