کراچی: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ویدر الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 24 اگست سے 28 اگست کے دوران کراچی اور حیدرآباد میں شدید بارشوں کا امکان ہے جس سے اربن فلڈنگ، بجلی کی بندش اور ضروری سہولیات میں رکاوٹیں پیدا ہوسکتی ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق حیدرآباد میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے جس سے نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے۔ اسی دوران کراچی میں جمعرات کی رات سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بارش کے دوران پانی سے بھرے راستوں سے گریز کریں، بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں، برقی آلات استعمال کرتے وقت محتاط رہیں اور گھروں کے نکاسی آب کے نظام کو صاف رکھیں تاکہ پانی کے نکاس میں مشکلات نہ آئیں۔
مزید برآں این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ نشیبی یا حساس علاقوں میں رہنے والے افراد ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہیں اور اپنے پاس ہنگامی کٹس رکھیں جن میں پانی، کھانے پینے کی اشیا، ٹارچ اور فرسٹ ایڈ کا سامان شامل ہو۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 27 اگست کو ایک نیا مون سون سسٹم سندھ میں داخل ہوگا جو کراچی سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں 30 اگست تک بارشوں کا باعث بن سکتا ہے۔