ماضی کے مشہورفلم اسٹار ببرک شاہ نے پاکستانی سپراسٹار عمران عباس، فواد خان اور فہد مصطفیٰ کی اداکاری کو تنقید کا نشانہ بنایا، جس پر صارفین نے ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا۔
ببرک شاہ کا تعلق ماضی کے ایک مشہور فلمی گھرانے سے ہے ان کے والد طارق شاہ بھی پشتو فلموں کے مقبول اداکار تھے۔
ببرک شاہ نے بھی اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے کئی فلموں میں کام کیا، تاہم فلم انڈسٹری کے زوال کے بعد انہوں نے فلم انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا، ببرک شاہ کے لیے مشہور ہے کہ وہ اپنے خیالات کا برملا اظہارکرتے ہیں اور خاصے صاف گو ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران عباس نے اہم سنگِ میل عبور کرلیا
ببرک شاہ کو حال ہی میں ایک نجی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان مدعو کیا گیا جہاں انہوں نے عمران عباس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ فلموں کے لیے موزوں نہیں ہے اور نہ ہی مردوں کی طرح دکھائی دیتے، جبکہ فواد خان کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ فواد خان کو حد سے زیادہ سراہا جاتا ہے جبکہ وہ اتنے باصلاحیت اداکار نہیں ہے۔
ببرک کا ماننا ہے کہ احسن خان اور فیصل قریشی ٹی وی کے لیے تو اچھے ہیں، لیکن فلموں کے لیے موزوں نہیں۔ ان کے مطابق صرف حمزہ علی عباسی ایسے اداکار ہیں جو فلموں کے لیے موزوں ہیں۔
فہد مصطفیٰ کو انہوں نے ایک اچھا میزبان قرار دیا، جیسے طارق عزیز، تاہم وہ محدود کردار اچھے نبھاتے ہیں۔
ببرک کے بیان کے بعد انٹرنیٹ صارفین نے اس پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے ایک صارف نے کہا کہ ببرک شاہ حسد کا شکار ہیں۔ تو دوسرے صارف نے لکھا: “یہی ہمارا مسئلہ ہے کہ ہم اپنے سے بہتر ٹیلنٹ کو تسلیم نہیں کرتے۔” ایک اور نے کہا: “مجھے اس طرح کا اعتماد چاہیے!” جبکہ ایک صارف نے ببرک سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ عمران کا چہرہ واقعی اسکرین پر عجیب لگتا ہے۔