اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے الجزیرہ کے 5 صحافیوں کی تدفین کر دی گئی، صحافیوں پر حملے کے خلاف دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں میں مزید 12 فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں ایک اور بچہ محمد زکریا خادر بھی شامل ہے جو بھوک اور غذائی قلت کے باعث جاں بحق ہوا۔ اس طرح غزہ میں بھوک سے جاں بحق افراد کی تعداد 222 ہو گئی ہے، جن میں 101 بچے شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: اقوام متحدہ کی غزہ میں الجزیرہ کے صحافیوں کے قتل کی مذمت، آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ
اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے الجزیرہ کے 5 صحافیوں کی تدفین کر دی گئی، جب کہ لندن، برلن، تیونس اور رام اللہ سمیت دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور اس حملے کی مذمت کی گئی۔
یورپی یونین، چین اور اسرائیل کے قریبی اتحادی جرمنی نے صحافیوں کے قتل کی مذمت کی ہے، جبکہ اقوام متحدہ نے اس واقعے کو بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
غزہ میں جاری اسرائیلی جنگ میں اب تک کم از کم 61 ہزار 499 افراد شہید اور ایک لاکھ 53 ہزار 575 زخمی ہو چکے ہیں۔ اسرائیل میں 7 اکتوبر 2023 کے حملوں میں 1 ہزار 139 افراد مارے گئے تھے اور 200 سے زائد کو یرغمال بنایا گیا تھا۔