پاکستان کی معروف اداکارہ صبا قمر نے اپنے ذاتی تجربے کی روشنی میں مداحوں کو جذباتی دباؤ اور ذہنی صحت کے بارے میں سنجیدہ پیغام دیا ہے، جس میں انہوں نے جذبات کو دبانے کے خطرناک اثرات سے خبردار کیا ہے۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری کے ذریعے مداحوں سے دل کی بات کہی، یہ پیغام اس وقت سامنے آیا جب انہیں چند روز قبل دل کی تکلیف کے باعث اچانک اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
صبا قمر نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ میں ذاتی تجربے سے کہہ رہی ہوں کہ اگر آپ نے غم، صدمہ یا تناؤ کو دل میں دبا رکھا ہے، تو جان لیں کہ یہ صرف دماغی نہیں بلکہ جسمانی صحت کو بھی متاثر کرتا ہے، اگر ان جذبات کو بروقت نہ نکالا جائے، تو یہ اندر ہی اندر آپ کی توانائی، روح اور صحت کو کھا جاتے ہیں۔
اداکارہ نے مداحوں کو تلقین کی کہ اگر آپ کے دل میں کوئی بات ہے تو اس کا اظہار کریں، چاہے کسی قریبی سے بات کریں یا ضرورت ہو تو رو لیں لیکن اپنے اندر مت رکھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ذہنی اور جسمانی صحت دونوں قیمتی ہیں خود سے پیار کریں، ہر کوئی آپ کے درد کو نہیں سمجھے گا مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کا درد حقیقت نہیں رکھتا۔
صبا قمر نے اپنے چاہنے والوں کو وقت پر شفا حاصل کرنے اور زندگی و صحت کو اولین ترجیح دینے کا مشورہ دیا اور کہا کہ میں نہیں چاہتی کہ کوئی اور بھی اسی “بریکنگ پوائنٹ” تک پہنچے جہاں میں خود پہنچی تھی۔