پاکستان کے معروف اداکار فواد خان اور بھارتی اداکارہ وانی کپور کی بالی ووڈ فلم ’’آبیر گلال‘‘ کی ریلیز کی راہ بالآخر ہموار ہو گئی ہے، فلم 29 اگست 2025 کو بھارت کے سوا دنیا بھر کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
یہ فلم فواد خان اور وانی کپور کی پہلی مشترکہ فلم ہے، جسے ابتدا میں ’’ابیر گلال‘‘ کے نام سے متعارف کروایا گیا تھا، تاہم حالیہ رپورٹس کے مطابق فلم کا نام اب ’’آبیر گلال‘‘ رکھ دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ یہ فلم تقریباً نو سال بعد فواد خان کی بالی ووڈ واپسی کا ذریعہ بن رہی ہے لیکن رواں سال مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث فلم کی ریلیز مؤخر کر دی گئی تھی۔
اس دوران فواد خان کو خاموشی اختیار کرنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا جبکہ وانی کپور نے ان کے ساتھ لی گئی تصاویر سوشل میڈیا سے ہٹا دی تھیں۔
فلمی ذرائع کے مطابق ’’آبیر گلال‘‘ کو سردار جی 3 کی طرز پر بھارت کے علاوہ دنیا بھر میں ریلیز کیا جا رہا ہے، بین الاقوامی سطح پر فلم کی مارکیٹنگ زور و شور سے جاری ہے جبکہ فواد خان فلم کی پروموشن مہم میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔