خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ کی 11 نشستوں کے لیے ہونے والے انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
جن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مجموعی طور پر چار جنرل نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ اپوزیشن اتحاد نے تین جنرل نشستیں اپنے نام کی ہیں۔
جنرل نشستوں میں تحریک انصاف کے مراد سعید نے حیران کن طور پر 26 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔ دیگر کامیاب امیدواروں میں مرزا محمد آفریدی (22 ووٹ)، فیصل جاوید (21 ووٹ) اور نور الحق قادری (21 ووٹ) شامل ہیں۔
اپوزیشن کی جانب سے جمعیت علمائے اسلام کے مولانا عطاء الحق درویش (18 ووٹ)، طلحہ محمود (17 ووٹ) اور نیاز احمد (18 ووٹ) کامیاب قرار پائے۔
مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا: سینیٹ کی 11 نشستوں پر پولنگ جاری، 22 امیدوار آمنے سامنے
ٹیکنوکریٹ کی دو نشستوں پر بھی مقابلہ سخت رہا، جہاں پی ٹی آئی کے اعظم سواتی نے 89 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ جے یو آئی امیدوار دلاور خان نے 54 ووٹ کے ساتھ دوسری نشست جیت لی۔
خواتین کی مخصوص دو نشستوں پر پی ٹی آئی کی روبینہ ناز نے 89 ووٹ حاصل کیے، جبکہ پیپلز پارٹی کی روبینہ خالد نے 52 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ گنتی کے دوران خواتین کی نشست کے لیے ڈالے گئے دو ووٹ مسترد کر دیے گئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ کی ان 11 نشستوں کے لیے مجموعی طور پر 25 امیدوار میدان میں تھے، جن میں جنرل نشستوں کے لیے 16 امیدوار، ٹیکنوکریٹ نشستوں کے لیے 5 امیدوار اور خواتین نشستوں کے لیے 4 امیدوار شامل تھے۔
البتہ مقررہ وقت سے قبل کئی امیدوار دستبردار ہو چکے تھے، تاہم بعض امیدواروں کے نام مقررہ وقت گزرنے کے بعد بھی بیلٹ پیپرز پر موجود رہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق جو امیدوار اتوار کو دوپہر 12 بجے کے بعد دستبردار ہوئے، ان کے نام کے ساتھ بیلٹ پر “ریٹائرڈ” کی مہر ثبت کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کے بعض ناراض اراکین جیسے خرم ذیشان نے کاغذات نامزدگی واپس نہیں لیے، جبکہ عرفان سلیم، وقاص اورکزئی اور عائشہ بانو سمیت چند امیدواروں کے نام دستبرداری کے باوجود بیلٹ میں شامل رہے۔