وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے خاتون اور مرد کے لرزہ خیز قتل کے واقعے میں ملوث 11 ملزمان گرفتار کرلیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے اور تمام مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق واقعے میں ایک اہم گرفتاری کوئٹہ میں عمل میں آئی جہاں پولیس نے ساتکزئی ہاؤس پر چھاپہ مار کر سردار شیرباز ساتکزئی کو گرفتار کیا، جو اس واقعے میں مرکزی کردار سمجھا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، اور آپریشن تاحال جاری ہے، واقعے میں ملوث تمام افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں خاتون اور مرد کے بہیمانہ قتل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کا وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے نوٹس لیا۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ نے بتایا تھا کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ عید سے چند روز قبل پیش آیا تھا جس کی ویڈیو حال ہی میں منظر عام پر آئی۔