ٹی وی کی سیاست سے حقیقی پارلیمنٹ تک؛ کنزہ ہاشمی نے پارلیمنٹ کا دورہ کیوں کیا؟
ڈرامہ ’لیڈر‘ کے بعد کنزہ ہاشمی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئیں
شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ کنزہ ہاشمی نے اپنے ڈرامہ ’لیڈر‘ میں سیاستدان کا کردار ادا کرنے کے بعد قومی اسبملی کا دورہ کیا جہاں ارکان پارلیمنٹ اور حکام نے ان کے کام کو سراہا۔
کنزہ ہاشمی نے ڈرامہ ’لیڈر‘ میں ایک بااثر سیاسی خاندان سے تعلق رکھنے والی ذہین اور مضبوط خاتون سیاستدان کا کردار نبھایا ہے۔ ان کے اس کردار کو ناظرین کی جانب سے پسند کیا گیا جبکہ بعض حقیقی سیاستدانوں نے بھی اداکارہ کی پرفارمنس کو سراہا۔
رکن قومی اسمبلی رومینہ خورشید عالم کی دعوت پر کنزہ ہاشمی نے پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں قومی اسمبلی کی عمارت، تاریخی اہمیت کی حامل اشیا، مختلف فن پاروں اور دیگر اہم مقامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
اداکارہ نے قومی اسمبلی کے ایوان کا دورہ کرنے کے ساتھ ساتھ پارلیمنٹ کے عملے سے بھی ملاقات کی۔ بعد ازاں رومینہ خورشید عالم نے کنزا ہاشمی کو یادگاری تحفہ پیش کیا اور خواتین سیاستدانوں کے کردار اور پارلیمانی زندگی کو ڈرامے میں اجاگر کرنے پر ان کی کاوش کو سراہا۔
رومینہ خورشید عالم کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ کنزا ہاشمی نے میڈیا کے ذریعے خواتین سیاستدانوں کی جدوجہد اور کردار کو نمایاں کیا۔ اداکارہ کی کوشش قابلِ تعریف ہے۔
کنزہ ہاشمی نے بھی قومی اسمبلی کے دورے کو اپنے لیے مفید تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کو قریب سے دیکھنے اور اس کے ماحول کو سمجھنے سے انہیں ڈرامہ ’لیڈر‘ میں ادا کیے گئے اپنے کردار کو مزید بہتر انداز میں سمجھنے میں مدد ملی۔
