55 سالہ تحقیق میں انکشاف: 100 سال تک جینے کا کوئی ایک راز نہیں، بلکہ کئی عوامل اہم ہیں
طویل عمر پانے والے افراد میں جسم کے خلیے نسبتاً بہتر انداز میں کام کرتے ہیں
اگر آپ لمبی عمر پانے کا آسان نسخہ ڈھونڈ رہے ہیں تو سائنسدانوں کے پاس اس کا کوئی مختصر جواب نہیں ہے۔
مصر کی امریکن یونیورسٹی اِن قاہرہ کے محققین نے گزشتہ 55 برس کے دوران شائع ہونے والی 124 تحقیقی رپورٹس کا جائزہ لیا جن میں 100 سال یا اس سے زیادہ عمر پانے والے افراد کا مطالعہ کیا گیا تھا۔
تحقیق کے مطابق 100 سال کی عمر تک پہنچنے کا کوئی ایک جادوئی فارمولا یا “راز” موجود نہیں ہے لمبی عمر کا راز کئی عوامل پر منحصر ہے جن میں جینیاتی خصوصیات، صحت مند غذا، جسمانی سرگرمی، مضبوط سماجی تعلقات اور کچھ حد تک قسمت بھی شامل ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ جو لوگ 100 سال یا اس سے زیادہ عمر پاتے ہیں وہ عموماً پوری زندگی چھوٹی چھوٹی صحت مند عادتیں اپنائے رکھتے ہیں جو وقت کے ساتھ ان کی صحت پر مثبت اثر ڈالتی ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ ایسے افراد زیادہ تر سبزیوں اور پودوں پر مبنی غذا کھاتے ہیں روزمرہ کی سرگرمیوں جیسے چہل قدمی اور باغبانی کو معمول بناتے ہیں سگریٹ نوشی سے پرہیز کرتے ہیں اور اپنے خاندان و دوستوں کے ساتھ مضبوط تعلقات برقرار رکھتے ہیں۔
اس کے علاوہ ان میں ذہنی مضبوطی، مثبت سوچ اور مشکلات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت بھی زیادہ دیکھی گئی ہے۔
سائنسدانوں نے یہ بھی پایا کہ طویل عمر پانے والے افراد میں جسم کے خلیے نسبتاً بہتر انداز میں کام کرتے ہیں ان کا جسم ڈی این اے کو بہتر طریقے سے درست کرتا ہے، سوزش پر قابو رکھنے کی صلاحیت زیادہ ہوتی ہے اور عمر بڑھنے سے متعلق بیماریوں کا خطرہ نسبتاً کم ہوتا ہے۔
تاہم محققین نے واضح کیا کہ ایسا کوئی ایک “لمبی عمر والا جین” موجود نہیں ہے بلکہ متعدد جینیاتی عوامل مل کر عمر میں اضافے میں کردار ادا کرتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق 100 سال کی عمر پانے والے افراد تین اقسام کے ہوتے ہیں۔ کچھ لوگ بڑھاپے کی بڑی بیماریوں سے تقریباً محفوظ رہتے ہیں، کچھ میں یہ بیماریاں بہت دیر سے ظاہر ہوتی ہیں جبکہ کچھ افراد بیماریوں کے باوجود کئی دہائیوں تک زندہ رہتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ تحقیق لمبی عمر کی وجوہات کو بہتر انداز میں سمجھنے میں مدد دیتی ہے لیکن یہ ثابت نہیں کرتی کہ کوئی ایک عادت انسان کو 100 سال کی عمر تک پہنچا دیتا ہے۔
ان کے مطابق لمبی اور صحت مند زندگی کے لیے آج بھی وہی مشورے مؤثر ہیں متوازن غذا کھائیں، روزانہ جسمانی سرگرمی اختیار کریں، سگریٹ نوشی سے بچیں، اپنے سماجی تعلقات مضبوط رکھیں اور مثبت طرزِ زندگی اپنائیں۔
