پاکستان کی آئی ٹی برآمدات نے نئی تاریخ رقم کردی
آئی ٹی صنعت نے مالی سال کے دوران برآمدات کو 4.6 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح تک پہنچادیا۔
اسلام آباد: وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام نے بتایا کہ پاکستان کی آئی ٹی صنعت نے مالی سال کے دوران تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے برآمدات کو 4.6 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح تک پہنچادیا جب کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کی برآمدات 4.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جب کہ آئی ٹی شعبے کا تجارتی سرپلس بھی بڑھ کر 85 فیصد ہوگیا ہے۔
وزارت کے مطابق آئی ٹی کا شعبہ اس وقت پاکستان کا سب سے تیزی سے ترقی کرنے والا برآمدی شعبہ بن چکا ہے۔ اس کامیابی میں وزیراعظم کی خصوصی توجہ، حکومتی سرپرستی اور صنعت دوست پالیسیوں نے اہم کردار ادا کیا۔
وزارت نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران حکومت نے ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو جدید آئی ٹی مہارتوں کی تربیت فراہم کی جب کہ دنیا بھر میں 20 سے زائد بین الاقوامی نمائشوں میں پاکستانی آئی ٹی صنعت کی نمائندگی کا اہتمام کیا گیا۔
بیان کے مطابق ان نمائشوں کے ذریعے 250 سے زائد پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں اور اسٹارٹ اپس کو اپنی مصنوعات اور خدمات عالمی منڈی میں متعارف کرانے کا موقع ملا جس سے برآمدی امکانات میں مزید اضافہ ہوا۔
وزارت نے کہا کہ وزیراعظم کے غیر ملکی دوروں میں بھی آئی ٹی صنعت کے نمائندوں کو شامل کیا گیا جس کے نتیجے میں نئی عالمی منڈیوں تک رسائی، سرمایہ کاری کے مواقع اور بین الاقوامی کاروباری روابط کو فروغ ملا۔
وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مطابق حکومت نے آئی ٹی برآمد کنندگان کے لیے متعدد مراعات بھی متعارف کرائیں جن میں فائنل ٹیکس رجیم کا تسلسل اور برآمدات پر 0.25 فیصد ٹیکس کی سہولت شامل ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ حکومتی اقدامات کے باعث آئی ٹی صنعت کی مسابقتی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے جس سے برآمدات بڑھانے اور عالمی سطح پر پاکستانی آئی ٹی شعبے کی موجودگی کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملی ہے۔
