کیا بشریٰ انصاری یوٹیوب سے ہزاروں ڈالر کماتی ہیں؟ اداکارہ نے حقیقت بتادی
بشریٰ انصاری نے یوٹیوب سے ہونے والی آمدنی پر خاموشی توڑدی
پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے یوٹیوب چینل سے ہونے والی آمدنی سے متعلق گردش کرنے والے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوٹیوب سے بھاری کمائی کے دعوے حقیقت پر مبنی نہیں۔
اداکارہ و میزبان نادیہ خان کے یوٹیوب وی لاگ میں گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے بتایا کہ میں نے نادیہ خان اور جویریہ کے اصرار اور حوصلہ افزائی پر یوٹیوب وی لاگنگ کا آغاز کیا جنہوں نے اس حوالے سے میری رہنمائی بھی کی۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ میں باقاعدگی سے وی لاگنگ کر رہی تھی تاہم آسٹریلیا کے دورے کے باعث اس سلسلے میں وقفہ آ گیا اب دوبارہ وی لاگنگ شروع کر دی ہے اور چینل اچھی طرح چل رہا ہے لیکن یہ تاثر درست نہیں کہ میں یوٹیوب سے دس ہزار ڈالر ماہانہ کما رہی ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگ سمجھتے ہیں کہ شوبز شخصیات یوٹیوب سے غیر معمولی آمدنی حاصل کرتی ہیں حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔
بشریٰ انصاری نے مزید کہا کہ اداکاری اور دیگر پیشہ ورانہ مصروفیات کے ساتھ باقاعدگی سے وی لاگنگ کرنا آسان نہیں۔ میں جلد کینیڈا جا رہی ہوں اور وہاں سے بھی اپنے مداحوں کے لیے وی لاگز شیئر کروں گی۔
