محسن نقوی کا بوئنگ کمپنی کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ، پی آئی اے کے لیے 16 طیاروں کی خریداری پر مذاکرات
پی آئی اے کے لیے بہترین ڈیل کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں گے
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکا میں بوئنگ کمپنی کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں پی آئی اے کی نئی مینجمنٹ کے وفد کے ہمراہ قومی ایئر لائن کے لیے نئے طیاروں کی خریداری سے متعلق اہم مذاکرات کیے گئے۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ کی بوئنگ گلوبل کے صدر برینڈن نیلسن سے ملاقات ہوئی جس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے لیے 16 نئے طیاروں کی خریداری کے مختلف آپشنز پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پی آئی اے کے لیے بہترین ڈیل کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں گے۔
محسن نقوی نے پی آئی اے کے لیے نئے طیاروں کی خریداری کے عمل میں تعاون کی یقین دہانی پر بوئنگ گلوبل کے صدر برینڈن نیلسن کا شکریہ ادا کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے طیارہ سازی کی صنعت میں بوئنگ کمپنی کے اہم کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ جدید طیاروں کی شمولیت سے پی آئی اے کی سروسز اور آپریشنز کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
پی آئی اے کی نئی مینجمنٹ کی جانب سے بیڑے کو جدید بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، جبکہ نئے طیاروں کی خریداری کو قومی ایئر لائن کی بحالی اور مستقبل کی حکمت عملی کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
