امریکا سے مذاکرات کی درخواست نہیں کی، ایران کا ٹرمپ کا دعویٰ مسترد
ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا ایران نے امریکا سے مذاکرات جاری رکھنے کی خواہش ظاہر کی
ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ تہران نے واشنگٹن سے مذاکرات جاری رکھنے کی درخواست کی تھی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران نے امریکا سے مذاکرات کے تسلسل کے لیے کوئی درخواست نہیں کی تاہم قطر کی ثالثی کی کوششوں کے تحت قطری حکام کے دورۂ ایران کا خیرمقدم کیا گیا تھا۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر امریکا گزشتہ ماہ طے پانے والی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کی کسی بھی شق کی خلاف ورزی کرتا ہے تو ایران بھی اس کا متناسب اور باہمی جواب دے گا۔
ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق ترجمان نے کہا کہ امریکا کی جانب سے کسی بھی وعدہ خلافی کی صورت میں ایران مناسب اور متناسب ردعمل دے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے امریکا سے مذاکرات جاری رکھنے کی خواہش ظاہر کی جس پر واشنگٹن نے آمادگی کا اظہار کیا تاہم ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی کا مرحلہ اب ختم ہوچکا ہے۔
