ایران میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا، امریکی سینٹرل کمانڈ نے حملوں کی تصدیق کردی
25 جون کو ایران نے سنگاپور کے ایک تجارتی جہاز کو ڈرون سے نشانہ بنایا تھا
امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایران میں متعدد اہداف کو نشانہ بنانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تجارتی جہاز پر مبینہ ایرانی حملے کے جواب میں فضائی کارروائی کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق ایران میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا گیا جن میں میزائل اور ڈرون ذخائر شامل تھے۔ کارروائی کے دوران ایرانی ساحلی ریڈار تنصیبات کو بھی ہدف بنایا گیا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا کہ 25 جون کو ایران نے سنگاپور کے ایک تجارتی جہاز کو ڈرون سے نشانہ بنایا تھا جسے جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تجارتی جہاز رانی پر حملے عالمی تجارت کے لیے خطرہ ہیں اور آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی محفوظ گزرگاہ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق خطے میں استحکام اور محفوظ بحری نقل و حمل کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی جبکہ امریکی افواج علاقے میں موجود اور الرٹ ہیں۔
