عیدالاضحیٰ پر گیس صارفین کیلئے بڑی خوشخبری، تینوں دن بلا تعطل فراہمی کا اعلان
کمپنی کی جانب سے عید کے لیے خصوصی گیس سپلائی شیڈول بھی جاری کردیا گیا۔
سوئی سدرن گیس کمپنی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صارفین کو ریلیف دیتے ہوئے تینوں دن گیس کی بلا تعطل فراہمی کا اعلان کردیا۔ کمپنی کی جانب سے عید کے لیے خصوصی گیس سپلائی شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق منگل 26 مئی کو چاند رات کے موقع پر گیس کی فراہمی رات 12 بجے تک جاری رہے گی تاکہ شہری عید کی تیاریوں میں کسی دشواری کا سامنا نہ کریں۔
کمپنی نے بتایا کہ عیدالاضحیٰ کے تینوں دن صبح 7:30 بجے سے رات 12 بجے تک گیس کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے گی جس سے گھریلو صارفین کو کھانے پکانے اور دیگر ضروریات میں سہولت میئسر آئے گی۔
ایس ایس جی سی کے مطابق جمعہ کے روز گیس سپلائی رات 10 بجے تک دستیاب ہوگی جب کہ ہفتہ 30 مئی سے گیس فراہمی دوبارہ معمول کے شیڈول کے مطابق بحال کردی جائے گی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ 30 مئی کے بعد گیس صرف کھانے کے اوقات میں فراہم کی جائے گی جیسا کہ پہلے سے طے شدہ لوڈ مینجمنٹ شیڈول میں شامل ہے۔
