اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ، مجموعی ذخائر 21 ارب ڈالر سے تجاوز
اسٹیٹ بینک کے ذخائر بڑھ کر 15 ارب 86 کروڑ 74 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے۔
کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے زرمبادلہ ذخائر سے متعلق تازہ اعدادوشمار جاری کردیے جس کے مطابق ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مرکزی بینک کے مطابق اسٹیٹ بینک کے پاس موجود زرمبادلہ ذخائر میں ایک کروڑ 67 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد اسٹیٹ بینک کے ذخائر بڑھ کر 15 ارب 86 کروڑ 74 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق کمرشل بینکوں کے زرمبادلہ ذخائر میں بھی دو کروڑ 65 لاکھ ڈالر کی نمو ریکارڈ کی گئی جس کے بعد کمرشل بینکوں کے ذخائر 5 ارب 46 کروڑ 93 لاکھ ڈالر ہوگئے۔
اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں 4 کروڑ 32 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ملک کے مجموعی ذخائر 21 ارب 33 کروڑ 67 لاکھ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ملکی معیشت اور بیرونی ادائیگیوں کے استحکام کے لیے مثبت پیش رفت ہے۔
