چین میں آتش بازی کا سامان بنانے والی فیکٹری میں دھماکہ؛ 26 افراد ہلاک، درجنوں زخمی
امدادی ٹیموں نے ملبے تلے دبے 7 افراد کو زندہ نکال لیا تاہم دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
بیجنگ: چین کے صوبہ ہونان میں آتش بازی کا سامان بنانے والی فیکٹری میں زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 26 افراد ہلاک جب کہ 61 زخمی ہوگئے۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ دھماکہ جنوبی شہر لیویانگ میں واقع ہواشینگ آتش بازی فیکٹری میں پیر کی دوپہر پیش آیا جس کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں جو اب مکمل ہوچکی ہیں۔
دھماکے کے بعد حکام نے فیکٹری کے اطراف تین کلومیٹر کے دائرے میں رہنے والے افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ ریسکیو آپریشن میں 1500 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا جب کہ خصوصی تربیت یافتہ کتے، بغیر پائلٹ طیارے اور جدید مشینیں بھی استعمال کی گئیں۔
امدادی ٹیموں نے ملبے تلے دبے 7 افراد کو زندہ نکال لیا تاہم دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے فیکٹری کے ذمہ دار عملے کے خلاف کارروائی بھی شروع کردی ہے۔
حکام کے مطابق فیکٹری میں بارود کے دو گودام موجود تھے جو ریسکیو آپریشن کے دوران خطرے کا باعث بن سکتے تھے، اسی لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں جن میں علاقے کو نم رکھنا بھی شامل تھا تاکہ مزید حادثات سے بچا جاسکے۔
دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ قریبی رہائشی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور کھڑکیوں کے فریم تک مڑگئے۔ زخمی ہونے والوں کی عمریں 20 سے 60 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں جن میں سے کئی افراد ملبے کے ٹکڑے لگنے سے زخموں کا شکار ہوئے۔
چینی صدر شی جن پنگ نے لاپتہ افراد کی تلاش اور زخمیوں کو بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے جب کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ علاقے کے پانی اور ہوا کے معیار کی نگرانی کی جارہی ہے اور فی الحال ماحولیاتی صورتحال معمول کے مطابق ہے۔
ایک مقامی رہائشی نے بتایا کہ دھماکے کے بعد سڑکوں پر پتھر بکھر گئے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو متبادل راستے اختیار کرنا پڑ رہے ہیں جب کہ کئی گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں شدید متاثر ہوئیں۔
واضح رہے کہ لیویانگ شہر کو آتش بازی کی صنعت کا بڑا مرکز سمجھا جاتا ہے اور چین میں اس نوعیت کے حادثات ماضی میں بھی پیش آتے رہے ہیں۔ حال ہی میں فروری کے مہینے میں صوبہ ہوبے میں بھی ایک دھماکے میں 12 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
