ایران نے امریکی بحری جہاز پر میزائل حملوں کی ویڈیو جاری کردی
آبنائے ہرمز میں کسی امریکی جنگی جہاز پر حملہ نہیں ہوا، امریکی سینٹرل کمانڈ
ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں امریکی بحریہ کے ایک ڈسٹرائر جہاز کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا جس کی ویڈیو بھی جاری کر دی گئی ہے۔
ایرانی فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کے مطابق امریکی جنگی جہاز نے بغیر اجازت آبنائے ہرمز میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر پہلے اسے وارننگ دی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ وارننگ شاٹس اور ریڈیو پیغامات کے باوجود امریکی جہاز نے پیش قدمی جاری رکھی جس کے بعد اسے نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد امریکی ڈسٹرائر جہاز کو اپنا سفر روکنا پڑا اور وہ پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہوگیا۔
Footage shows the Iranian Navy firing warning shots at US destroyers in the Strait of Hormuz.
Follow: https://t.co/mLGcUTS2ei pic.twitter.com/2UQuyDbEW1
— Press TV 🔻 (@PressTV) May 4, 2026
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے ایرانی دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں کسی امریکی جنگی جہاز پر حملہ نہیں ہوا۔ امریکی پرچم بردار دو تجارتی جہاز بحفاظت اس گزرگاہ سے گزر گئے۔
ایران کے پاسداران انقلاب نے امریکی مؤقف کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز سے کوئی امریکی جہاز عبور نہیں کر سکا۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایران نے آبنائے ہرمز میں امریکی جہازوں کو روکنے یا سمندری آزادی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
