بے رحم باپ نے اپنے 7 بچوں کو بے دردی سے قتل کردیا
ہلاک ہونے والوں میں تین لڑکے اور پانچ لڑکیاں شامل ہیں جن کی عمریں تین سے گیارہ سال کے درمیان بتائی جارہی ہیں۔
امریکی ریاست لوئزیانا کے شہر شریوپورٹ میں ایک باپ نے اپنے سات بچوں سمیت آٹھ بچوں کو گولی مار کر بے دردی سے قتل کردیا ہے جب کہ پولیس نے اسے ’’گھریلو جھگڑے‘‘ کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ فائرنگ کا واقعہ اتوار کی صبح پانچ بجے ہوا جس میں ملزم نے ایک گھر میں بچوں کو نشانہ بنانے کے بعد چوری شدہ گاڑی میں فرار ہونے کی کوشش کی لیکن پولیس نے اس کا پیچھا کرکے اسے بھی ہلاک کردیا۔
بچوں کی ماں سمیت دو خواتین شدید زخمی ہیں جب کہ ایک نو سالہ بچہ چھت سے چھلانگ لگاکر بچ نکلا اور اسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس نے ملزم کی شناخت شامر ایلکنز کے نام سے کی ہے جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اکیلا تھا جس نے فائرنگ کی۔
ہلاک ہونے والوں میں تین لڑکے اور پانچ لڑکیاں شامل ہیں جن کی عمریں تین سے گیارہ سال کے درمیان بتائی جارہی ہیں۔
خیال رہے کہ یہ حملہ متعدد مقامات پر ہوا۔ ملزم نے پہلے ایک خاتون کو گولی ماری پھر دوسری جگہ جاکر بچوں پر فائرنگ کی۔ ایک بچہ بھاگ کر قریبی گھر پہنچ گیا اور پھر پولیس کو اطلاع دی۔
خاندان کے افراد کے مطابق ایلکنز اپنی بیوی سے علیحدگی سے پریشان تھا۔ اس کے بہنوئی ٹرائے براؤن نے بتایا کہ بیوی کی طرف سے طلاق مانگنے کے بعد وہ ’’پاگل ہوگیا تھا‘‘۔
زخمی خواتین میں سے ایک کی کزن کا کہنا ہے کہ جوڑے کی علیحدگی ہورہی تھی اور انہیں پیر کو عدالت میں پیش ہونا تھا۔
شریوپورٹ کے میئر نے اس حادثے کو شہر کا سب سے المناک واقعہ قرار دیا ہے جب کہ گورنر جیف لینڈری نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔
