ایران ڈیل کے راز فاش؟ ٹرمپ نے خفیہ معاہدوں کو یکسر مسترد کر دیا
واشنگٹن کے لیے صرف وہی نکات اہم ہیں جو عملی اور بامعنی ہوں، امریکی صدر
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری ممکنہ مذاکرات سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں اور مبینہ معاہدوں پر دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سب حقیقت سے دور ہیں۔
صدر ٹرمپ کے مطابق مختلف حلقوں میں اس وقت کئی مسودے، خطوط اور نام نہاد ڈیلز زیر گردش ہیں، لیکن ان کا امریکہ اور ایران کے درمیان کسی بھی باضابطہ مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے ان دستاویزات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ “جعلی اور گمراہ کن” ہیں۔
امریکی صدر نے واضح کیا کہ واشنگٹن کے لیے صرف وہی نکات اہم ہیں جو عملی اور بامعنی ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ اصل پیش رفت کھلے بیانات کے بجائے بند کمروں میں ہونے والی سنجیدہ بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے مزید عندیہ دیا کہ حالیہ جنگ بندی بھی انہی مخصوص نکات کی بنیاد پر ممکن ہوئی، اور آئندہ بھی اسی محدود مگر اہم ایجنڈے پر بات آگے بڑھے گی۔
