پی ایس ایل 11 کا شیڈول جاری، 26 مارچ سے 3 مئی تک 44 میچز کھیلے جائیں گے
افتتاحی میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔ لیگ مرحلے میں ہر ٹیم دس دس میچز کھیلے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 11 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا اور فائنل 3 مئی کو کھیلا جائے گا۔
اس سال پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار آٹھ ٹیمیں شرکت کریں گی۔ دو نئی فرنچائزز حیدرآباد کنگز مین اور راولپنڈی پنڈیز بھی لیگ میں شامل ہوں گی۔
ٹورنامنٹ کے میچز چھ شہروں میں کھیلے جائیں گے۔ فیصل آباد اور پشاور پہلی بار پی ایس ایل میچز کی میزبانی کریں گے۔
افتتاحی میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔ لیگ مرحلے میں ہر ٹیم دس دس میچز کھیلے گی۔ پلے آف کا آغاز 28 اپریل سے ہوگا۔
مختلف شہروں میں میچز کی تعداد کچھ اس طرح ہوگی کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 15 میچز، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 11 میچز (ایک کوالیفائر بھی شامل) اور فیصل آباد میں 7 میچز ہوں گے۔
علاوہ ازیں نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں 6 میچز، ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں 4 میچز (تمام میچز میں ملتان سلطانز ایکشن میں ہوں گے) جب کہ پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلی بار پی ایس ایل کے میچز منعقد ہوں گے۔
پی ایس ایل 11 میں 12 ڈبل ہیڈرز بھی کھیلے جائیں گے۔ میڈیا ایکریڈیٹیشن کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور جمعرات 13 مارچ تک درخواستیں جمع کرائی جاسکتی ہیں۔
