ایران میں ٹرمپ کی ’وینزویلا طرز‘ حکمت عملی ناکام رہی، برطانوی اخبار
مذہبی اور عسکری اداروں کی مضبوط گرفت کے باعث قیادت کی تبدیلی کے امکانات بھی محدود
برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایران میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مبینہ ’وینزویلا ماڈل‘ حکمت عملی مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایران میں مجتبیٰ خامنائی کے نئے سپریم لیڈر کے طور پر انتخاب نے واشنگٹن کے اس منصوبے کو ناکام بنا دیا ہے، جس کے تحت قیادت پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جا رہی تھی۔
برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ ایران کے مذہبی اور عسکری ادارے بدستور اقتدار پر مضبوط گرفت رکھتے ہیں جس کے باعث بیرونی دباؤ کے ذریعے قیادت کی تبدیلی کا امکان محدود دکھائی دیتا ہے۔
مزید پڑھیں: امریکا کی منظوری کے بغیر نیا ایرانی سپریم لیڈر قابل قبول نہیں، ٹرمپ
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایران کے سابق شاہ کے بیٹے رضاپہلوی کی قیادت کی خواہش کو وائٹ ہاؤس نے زیادہ اہمیت نہیں دی اور ایران میں کسی امریکی حمایت یافتہ شخصیت کو اقتدار میں لانے کا کوئی واضح راستہ موجود نہیں ہے۔
برطانوی رپورٹ کے مطابق ایران سے متعلق کشیدگی اور ممکنہ جنگ کے فوری اقتصادی اثرات بھی سامنے آ رہے ہیں، جس کے باعث عالمی منڈی میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور توانائی کی بڑھتی قیمتوں سے وائٹ ہاؤس پر سیاسی دباؤ بڑھنے لگا ہے۔
رپورٹ میں خطے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مستقبل میں اسرائیل کی جانب سے ایران کی نئی قیادت کے خلاف مزید اقدامات کا امکان بھی موجود ہے۔
