ایران، شہید آیت اللہ خامنہ ای کے جسد خاکی کا آخری دیدار آج کرایا جائے گا
تقریب کے دوران سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات بھی سخت کیے گئے ہیں
ایران کے دارالحکومت تہران میں آج شب مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک بڑی اور خصوصی تقریب منعقد کی جا رہی ہے جہاں عوام کو ان کے جسدِ خاکی کے آخری دیدار کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ تعزیتی تقریب تین روز تک جاری رہے گی جبکہ مرکزی جنازے کے جلوس اور تدفین کی حتمی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
اسلامی تبلیغاتی کونسل کے سربراہ حجت الاسلام محمودی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ عوام آج رات 10 بجے سے تہران کے امام خمینی مصلیٰ میں مرحوم رہنما کے جسدِ خاکی کا دیدار کر سکیں گے۔.
ان کے مطابق مصلیٰ کو عام شہریوں کے لیے کھلا رکھا جائے گا اور توقع ہے کہ ہزاروں افراد اپنے محبوب رہنما کو آخری سلام پیش کرنے کے لیے وہاں پہنچیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام بڑی تعداد میں شرکت کر کے مرحوم سپریم لیڈر سے اپنی عقیدت اور وابستگی کا اظہار کریں گے۔
حکام کے مطابق تقریب کے دوران سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات بھی سخت کیے گئے ہیں تاکہ عوام کی بڑی تعداد کو منظم انداز میں شرکت کا موقع دیا جا سکے۔
سرکاری اطلاعات کے مطابق 86 سالہ آیت اللہ علی خامنہ ای ہفتے کے روز فضائی حملوں کے دوران جاں بحق ہوئے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جنازے کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور اس حوالے سے مزید تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔
