رمضان سے پہلے ساڑھی، اب دوپٹا؟ جویریہ سعود سے لائیو پروگرام میں سخت سوال
لائیو پروگرام میں جویریہ سعود کے لباس پر بحث چھڑ گئی
معروف اداکارہ اور میزبان جویریہ سعود کو رمضان ٹرانسمیشن کے دوران ایک لائیو کالر کی جانب سے ان کے حالیہ فیشن شو کے لباس پر سخت سوال کا سامنا کرنا پڑا۔
کالر نے برطانیہ میں منعقدہ فیشن شو میں ساڑھی پہننے پر تنقید کرتے ہوئے پوچھا کہ جب انہیں معلوم تھا کہ وہ رمضان ٹرانسمیشن اور مولانا کے ساتھ مذہبی پروگرام کا حصہ بننے جارہی ہیں تو ایسا لباس اختیار کرنے کی کیا وجہ تھی۔
کالر نے پروگرام میں موجود عالمِ دین سے بھی مخاطب ہو کر تبصرہ کیا، جس کے بعد جویریہ سعود نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں اس حوالے سے پہلے بھی سوشل میڈیا پر وضاحت دے چکی ہوں۔ ساڑھی کے ساتھ میں نے مکمل باڈی سوٹ پہن رکھا تھا اور فیشن شو کے مقام پر درجہ حرارت منفی ایک تھا، جس کی وجہ سے تمام شرکا نے تھرمل اور باڈی سوٹ استعمال کیے ہوئے تھے۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ وہ عموماً ڈیزائنرز کے ملبوسات کے ساتھ باڈی سوٹ پہنتی ہیں تاکہ لباس محفوظ رہے اور صفائی کا بھی خیال رکھا جا سکے، میں نازیبا لباس نہیں پہنتی اور امید ہے اس وضاحت کے بعد غلط فہمیاں دور ہوجائیں گی۔
سوشل میڈیا پر اس معاملے پر ملاجلا ردِعمل دیکھنے میں آیا۔ بعض صارفین نے اداکارہ کے مؤقف کی حمایت کی جبکہ کچھ نے رمضان کے دوران شخصیات کے لباس اور طرزِ عمل میں تبدیلی پر سوالات اٹھائے۔
