ٹرمپ نے تمام ممالک پر فوری طور پر 10 فیصد ٹیرف عائد کردیا
امریکی سپریم کورٹ نے اضافی ٹیرف سے متعلق صدارتی اقدامات کو غیر قانونی قرار دے دیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تمام ممالک سے درآمد ہونے والی اشیا پر فوری طور پر 10 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کردیے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق یہ 10 فیصد ڈیوٹی 150 دن کے لیے نافذ العمل ہوگی اور اس کا اطلاق امریکا میں درآمد ہونے والی مختلف مصنوعات پر کیا جائے گا، تاہم بعض اشیا کو اس عارضی ڈیوٹی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
مستثنیٰ اشیا میں معدنیات، کھاد، دھاتیں، توانائی سے متعلق آلات، زرعی مصنوعات، ادویات اور ادویات کا خام مال شامل ہیں۔
دوسری جانب امریکی سپریم کورٹ نے دیگر ممالک پر اضافی ٹیرف سے متعلق صدارتی اقدامات کو غیر قانونی قرار دے دیا۔
عدالت نے تین کے مقابلے میں چھ ججوں کی اکثریت سے فیصلہ سنایا۔
صدر ٹرمپ نے عدالتی فیصلے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں عدالت کے چند ارکان پر شرمندگی محسوس ہو رہی ہے، بظاہر اس فیصلے سے دنیا خوش ہوگی، تاہم یہ خوشی زیادہ دیر برقرار نہیں رہے گی۔
