پی ایس ایل کو دنیا کا بڑا برانڈ بنائیں گے، محسن نقوی
پی ایس ایل کی مارکیٹ کو مزید وسعت دینا ہمارا ہدف ہے، چیئرمین پی سی بی
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ٹیم ملتان کو ڈھائی ارب روپے میں خریدنے پر ولی ٹیک کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نیلامی سے پی ایس ایل کی اہمیت اور مارکیٹ ویلیو میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ٹیم کی مالیت اب ڈھائی ارب روپے تک پہنچ چکی ہے جو لیگ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کی مارکیٹ کو مزید وسعت دینا ہمارا ہدف ہے اور انٹرنیشنل کھلاڑی بھی اس مارکیٹ میں آ چکے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے عزم ظاہر کیا کہ پی ایس ایل کو دنیا کا سب سے بڑا برانڈ بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ملتان سلطانز سے خاص محبت ہے اور ٹیم کی کامیاب بولی لیگ کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے۔
ورلڈ کپ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ مسئلہ بنگلہ دیش کا تھا اور یہ ایک اہم معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بنگلہ دیش بورڈ کا مؤقف سنے بغیر معاملہ آگے نہیں بڑھانا چاہتے تھے، اس وقت آئی سی سی اور بی سی بی کے درمیان بات چیت جاری ہے اور وہ خود بھی صورتحال کا انتظار کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ “ہم نے گھر آئے مہمان کی عزت کرنا سیکھی ہے، اگر کوئی خود چل کر آئے تو بہت سی چیزیں بھول جاتی ہیں۔” ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کی حمایت میں وہی کیا جو کرنا چاہیے تھا۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ نہ وہ کسی دھمکی سے ڈرتے ہیں اور نہ ہی حکومت دباؤ میں آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی ممالک نے پاکستان سے رابطہ کیا اور انہیں پاکستان کا مؤقف واضح طور پر بتا دیا گیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے مؤقف پر قائم ہے اور کسی بھی دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔
