حکومت کی یو اے ای سے 3 ارب ڈالر قرض رول اوور کرنے کی درخواست
2 ارب ڈالر کی میچورٹی رواں ماہ جبکہ 1 ارب ڈالر کی میچورٹی جولائی میں ہے
اسلام آباد: حکومت نے متحدہ عرب امارات سے 3 ارب ڈالر کے قرض کی میچورٹی سے قبل رول اوور کے لیے باضابطہ درخواست کر دی ہے۔
ذرائع وزارتِ خزانہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے خط کے ذریعے یو اے ای قیادت سے 3 ارب ڈالر کے قرض کو رول اوور کرنے کی درخواست کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 2 ارب ڈالر کی میچورٹی رواں ماہ جبکہ 1 ارب ڈالر کی میچورٹی جولائی میں ہے۔
ذرائع کے مطابق یو اے ای سے حاصل کردہ 3 ارب ڈالر 2021 میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں ڈپازٹ کرائے گئے تھے۔ 1 ارب ڈالر کا قرض جنوری کے دوسرے ہفتے جبکہ ایک اور 1 ارب ڈالر کی قسط جنوری کے تیسرے ہفتے میں میچور ہو جائے گی۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے 3 ارب ڈالر کی تینوں اقساط کو میچورٹی سے قبل رول اوور کرنے کی درخواست دی جا رہی ہے اور توقع ہے کہ تینوں اقساط بروقت رول اوور ہو جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کو قرض پروگرام کے دورانیے تک یو اے ای سے رول اوور کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال یو اے ای، سعودی عرب اور چین سے مجموعی طور پر 12 ارب ڈالر کے قرض رول اوور کیے جائیں گے۔
