سیکیورٹی فورسز نے 24 ستمبر 2025 کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں خفیہ اطلاعات پر مبنی ایک مؤثر آپریشن کیا، جس کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 13 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن بھارت کی پروردہ دہشت گرد تنظیم کے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔
آپریشن کے دوران پاک فوج کے جوانوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 13 خطرناک دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
ہلاک شدہ دہشت گرد متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں جن میں دسمبر 2023 میں درابن میں خودکش حملے کی سہولت کاری، سرکاری افسران کے اغواء اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ شامل ہے۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق، علاقے میں مزید خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی قسم کے بھارتی حمایت یافتہ عناصر کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔
پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل قلع قمع کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ملک سے اس ناسور کو ہر صورت ختم کیا جائے گا۔
