شاہ لطیف ٹاؤن میں پانچ روز سے بجلی بند، شہری اذیت میں مبتلا

کراچی: ضلع ملیر کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن کے سیکٹر 22 اے اور 22 بی کے مکینوں کی زندگی بجلی کی طویل بندش سے اجیرن بن گئی۔

بول نیوز کے مطابق کے الیکٹرک نے 26 اگست سے دونوں سیکٹرز کی بجلی منقطع کر رکھی ہے جو پانچ روز گزرنے کے باوجود بحال نہ ہوسکی۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ بروقت بل ادا کرنے والے ہزاروں صارفین کو بلاوجہ سزا دی جارہی ہے۔ کے الیکٹرک کے مطابق علاقے میں 10 سے 20 فیصد صارفین بل ادا نہیں کر رہے، تاہم مقامی مکینوں نے سوال اٹھایا کہ اگر 80 فیصد لوگ بل جمع کرا رہے ہیں تو انہیں کس جرم کی سزا دی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں: کے الیکٹرک کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ، شہری مشکلات کا شکار

بجلی کی مسلسل بندش نے شہریوں کو شدید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ گھروں میں پانی کی فراہمی رک گئی ہے جس کے باعث پینے کے پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے، حتیٰ کہ مساجد میں وضو کے لیے بھی پانی دستیاب نہیں۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ نوکری پیشہ افراد محنت کے بعد گھر میں سکون کی نیند سے محروم ہیں، خواتین، بزرگ اور بچے شدید گرمی اور اندھیرے میں اذیت سہنے پر مجبور ہیں۔ کئی افراد ذہنی دباؤ اور نفسیاتی مسائل کا شکار ہو چکے ہیں۔

مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی فوری طور پر بحال کی جائے اور بروقت بل ادا کرنے والے صارفین کو اجتماعی سزا دینے کے بجائے صرف نادہندگان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

Related posts

لندن میں چاہت فتح علی خان پر انڈوں سے حملہ، ویڈیو وائرل

کراچی، کورنگی جانے والے راستوں پر شدید ٹریفک جام کا وزیر اعلیٰ نے نوٹس لے لیا

ایشیاکپ 2025؛ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ بہترین کارکردگی کے لیے پرعزم