ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کے لیے ہنگامی امداد اور بڑے مالیاتی پیکیجز کا اعلان

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر مساتو کانڈا نے پاکستان کے لیے ہنگامی امداد اور متعدد مالیاتی منصوبوں کا اعلان کردیا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اے ڈی بی نے سیلاب متاثرین کے لیے 3 ملین ڈالر کی ایمرجنسی گرانٹ مختص کردی ہے جب کہ ریکوڈک منصوبے کے لیے 410 ملین ڈالر کے فنانسنگ پیکیج کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

سیلاب متاثرین کے لیے 3 ملین ڈالر کی گرانٹ

اے ڈی بی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں فوری ریلیف کے لیے 3 ملین ڈالر کی ایمرجنسی گرانٹ تیار کی گئی ہے۔ صدر مساتو کانڈا نے لاہور میں راوی کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم اور اے ڈی بی صدر کی ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں اے ڈی بی صدر سے ملاقات کی جس میں سرمایہ کاری، معاشی اصلاحات اور معدنی وسائل کے شعبے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس دوران پاکستان میں جاری اصلاحات، کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اے ڈی بی نے 40 برس بعد پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں واپسی کا اعلان کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ریکوڈک منصوبے کے لیے 410 ملین ڈالر کے فنانسنگ پیکیج کی منظوری دی گئی ہے جسے ملکی معیشت کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

سماجی بہبود اور توانائی منصوبے

مساتو کانڈا نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ون ونڈو سینٹر اور پائیدار ایوی ایشن فیول منصوبے کا بھی دورہ کیا، جہاں سرمایہ کاروں سے مشاورت کی گئی۔ انہوں نے وزیر خزانہ، وفاقی وزیر اقتصادی امور اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے بھی ملاقاتیں کیں۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ پاکستان 1966 سے اے ڈی بی کا بانی رکن ہے اور اب تک 43 ارب ڈالر سے زائد کی معاونت حاصل کرچکا ہے۔ موجودہ پورٹ فولیو 9 ارب ڈالر مالیت کے 44 منصوبوں پر مشتمل ہے جو توانائی، انفراسٹرکچر، سماجی بہبود اور دیگر شعبوں میں جاری ہیں۔

Related posts

متحدہ عرب امارات کے صدر اور بحرین کے بادشاہ دوطرفہ تعلقات – متحدہ عرب امارات پر بات چیت کرتے ہیں

برساتی پانی کھڑا ہونے سے مختلف شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام، شہریوں کو شدید مشکلات

لیاقت پور میں کشتی حادثہ، نو افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے، چھ لاشیں برآمد